برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا کا لندن سٹاک ایکسچینج کا دورہ

104

لندن ۔ 8 جون (اے پی پی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے لندن سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے سٹاک ایکسچینجز کے درمیان قریبی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ہفتے کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق محمد نفیس زکریا نے لندن سٹاک ایکسچینج کے حکام کی دعوت پر یہ دورہ کیا اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مالیات کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تاکہ ایک دوسرے ملک کی سٹاک مارکیٹس میں سرمایہ کاری کے فروغ سے مالیات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دی جاسکے۔ لندن سٹاک ایکسچینج کے نمائندوں نے ہائی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ فنانشل مارکیٹ میں دوطرفہ روابط کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کا منتظر ہے۔ اس موقع پر لندن سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ اور بانڈز کے اجراءسمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے لندن کو ایک مالیاتی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات رکھتا ہے اور پاک برطانیہ باہمی تعلقات کی وسعت اور استحکام میں 1.5 ملین برطانوی پاکستانی شہری اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔