برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن 27 اکتوبر کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم سیاہ منائے گا

115

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):برطانوی دارالحکومت لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائے گا تاکہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا جاسکے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ایک تصویری نمائش میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے سنگین مظالم کو اجاگرکیا جائے گا، ان تصاویر کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ جاری ناانصافی کی واضح یاد دہانی کرائی جائے گی۔

مقررین تصویری نمائش کے بعد ایک سیمینار میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار خیال کریں گے۔ مقررین اپنے خطاب میں مقبوضہ علاقہ کی صورتحال پر بین الاقوامی توجہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کے حل کی ضرورت پر زور دیں گے۔ تقریب میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ برطانوی اور کشمیری عوام کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

سفارت خانے نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے سے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے اجتماعی حمایت اور عملی اقدامات کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔