اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ برطانوی پارلیمان کے اراکین مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو موثر طور پر اجاگر کر رہے ہیں، انہوں نے کشمیریوں کے انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لئے اقوام متحدہ کو خطوط بھی ارسال کیے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ پارلیمنٹ کے 78اراکین نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے اور وہ سوشل میڈیا پر بھی اس مسئلہ کو اجاگر کرنے میں مصروف ہیں تا کہ بھارتی حکومت اور مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی افواج کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مسلسل مذمت کر رہی ہے، جہاں پر گزشتہ 35روز سے کرفیو نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بھی اس حوالے سے ایک درجن سے زائد مظاہرے کیے جا چکے ہیں اور برطانیہ کے پارلیمان کے اراکین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش اور معصوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کی سربراہی میں بھارت کی فاشسٹ حکومت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی انتہا تک پہنچ چکی ہے اور انہوں نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی 6ہزار سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے صورتحال کی سنگینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔