برطانیہ نے رواں مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں پاکستان میں 22 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی، سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمار

96

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) برطانیہ نے رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں22 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں برطانیہ نے پاکستان میں 22 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی ہے۔ مالی سال 2018-19 ء کے دوران برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 185.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2017-18ء کے دوران پاکستان میں برطانیہ کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 307.5 ملین ڈالر رہا۔ سٹیٹ بنک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں برطانیہ سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی اوراگست 2019ء میں برطانیہ سے درآمدات پر پاکستان نے 133.367 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں برطانیہ سے درآمدات پر 158 ملین ڈالر کازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں برطانیہ کو برآمدات سے ملک کو 285.94 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں برطانیہ کو برآمدات سے ملک کو 302.184 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔