برطانیہ کے دارالعوام نے وزیرِ اعظم ٹریزا مے کی جانب سے نئے انتخابات کے فیصلے کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی

148

لندن۔ 19 اپریل (اے پی پی) برطانیہ کے دارالعوام نے وزیرِ اعظم ٹریزا مے کی جانب سے نئے انتخابات کے انعقاد کے فیصلے کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی ہے۔اس فیصلے کے حق میں 522 جب کہ مخالفت میں صرف 13 ووٹ آئے۔ برطانوی قانون کے مطابق قبل از وقت انتخابات کے لیے ایوان کی طرف سے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔وزیرِ اعظم ٹریزا مے کا کہنا تھا کہ نئے انتخابات سے بریگزٹ کے بارے میں مذاکرات اور برطانیہ کے مستقبل کے بارے میں پائی جانے والی بے یقینی دور کرنے میں مدد ملے گی۔آٹھ جون کو منعقد کیے جانے والے ان انتخابات میں ٹریزا مے اور جیریمی کوربن مدِ مقابل ہوں گے۔وزیرِ اعظم نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات سے پہلے ٹیلی ویژن پر ہونے والے مباحثوں میں حصہ نہیں لیں گی۔سکاٹش نیشنل پارٹی اور لبرل ڈیموکریٹس نے ان کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔