برطانیہ کے شام سے 14 سال بعد سفارتی تعلقات بحال

30
Foreign Minister David Lamy
Foreign Minister David Lamy

لندن ، دمشق ۔6جولائی (اے پی پی):برطانیہ نے شامی دارالحکومت دمشق میں وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی کے دورے کے بعد باقاعدہ طور پر شام کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کر دیئے ہیں ۔ عرب نیوز کے مطابق یہ کسی برطانوی وزیر کا شام کا گزشتہ 14 برسوں میں پہلا دورہ ہے۔یہ دورہ برطانیہ کی خارجہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، جو کہ صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے آٹھ ماہ بعد سامنے آیا ہے۔

برطانوی حکومت کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی نے شام کے عبوری صدر احمد الشرع اور وزیر خارجہ اسعد الشیبانی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے شام کی سیاسی ٹرانزیشن میں حمایت اور دوبارہ تعمیری کوششوں میں شراکت داری کا یقین دلایا۔ڈیوڈ لامی نے کہا کہ ’میں اسد کی ظالمانہ حکومت کے خاتمے کے بعد شام کا دورہ کرنے والا پہلا برطانوی وزیر ہوں۔

میں نے خود دیکھا کہ کس طرح شامی عوام نے اپنی زندگیاں اور ملک دوبارہ تعمیر کرنے میں غیر معمولی پیش رفت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک دہائی سے زیادہ طویل جنگ کے بعد اب شامی عوام کے لیے امید کی ایک نئی کرن موجود ہے۔ برطانیہ نے سفارتی تعلقات اس لیے بحال کیے ہیں کیونکہ ہمارے مفاد میں ہے کہ ہم نئی حکومت کی مدد کریں تاکہ وہ ایک مستحکم، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی طرف گامزن ہو سکے۔