برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کی عالمی یوم ماحولیات 2021 کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو مبارکباد

131

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے عالمی یوم ماحولیات 2021 کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ٹین بلین ٹری سونامی جیسے بڑے منصوبوں کو قدرتی ماحول کے تحفظ و بحالی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔

ہفتہ کو عالمی یوم ماحولیات کی تقریب میں اپنے وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کو کورونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے، یہ وبا دراصل اس سلوک کا ردعمل ہے جو انسانوں نے قدرتی ماحول کے ساتھ روا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی اور غیر معیاری طرز عمل نے ماحولیات کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں اسی کا نتیجہ ہیں اور آج پوری دنیا ان تبدیلیوں کے منفی اثرات کی زد میں ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قدرتی ماحول کے تحفظ و بحالی کی کوششوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، اس حوالے سے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام جیسے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی دہائی برائے بحالی ایکو سسٹم کے آغاز کو قدرتی ماحول کے تحفظ اور فطرت کے ساتھ انسان کے پائیدار تعلق کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔