بروک پاکستان کے اعلی سطحی وفد کی لاہور میں سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل سے ملاقات

92

لاہور۔25اپریل (اے پی پی):بروک پاکستان کے اعلی سطحی وفد نے لاہور میں سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت جاوید گوندل، چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) اور سید نعیم عباس ایڈووکیسی منیجر نے کی۔ترجمان کے مطابق ملاقات کا مقصد بروک پاکستان اور محکمہ لائیو سٹاک کے مابین موجودہ یادداشت کی تجدید اور باہمی تعاون کو مزید مو ثر بنانے پر غور کرنا تھا۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے ایم او یو میں چند بنیادی نکات شامل کرنے کی تجویز دی تاکہ جانوروں، خصوصاً خچروں، گدھوں اور گھوڑوں کی صحت، فلاح و بہبود اور ان کے لیے محفوظ کام کا ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

ملاقات میں جانوروں کی بھلائی کے لیے جاری کوششوں، خصوصاً کوئلے کی کانوں اور اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے جانوروں کے حوالے سے بروک پاکستان کی خدمات کو سراہا گیا۔دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جانوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی صحت و نگہداشت کو بہتر بنانے کے لیے اشتراک عمل جاری رکھا جائے گا۔ سیکرٹری لائیو سٹاک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جانوروں کی فلاح و بہبود محکمہ کی اہم ترجیح ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ ملاقات محکمہ لائیو سٹاک اور بروک پاکستان کے درمیان ایک مضبوط اور مو ثر شراکت داری کے تسلسل کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔