گلگت۔19نومبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں برٹش کونسل ڈیجیٹل ہائی ٹیک ایکسیلنس سنٹر کا قیام عمل میں لائے گی۔اس بات پر اتفاق وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے ہونے والی برٹش کونسل کے وفد کی ملاقات میں کیاگیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی آفیسران اور برٹش کونسل کے اراکین موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں اداروں نے ہائی ٹیک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس حوالے سے شراکت داری کوبڑھانے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ادارے گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل ہائی ٹیک سنٹر کے ذ ریعے جامعہ قراقرم میں ڈیجیٹل لیب،کلاس رومز بنانے سمیت فری لانسنگ،اے آئی اور دیگر ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔وائس چانسلر کے آئی یو نے برٹش کونسل کی جانب سے جامعہ میں ڈیجیٹل ہائی ٹیک سنٹر بنانے کو سراہتے ہوئے کہاکہ جامعہ قراقرم طلباء کو جدید تعلیم کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے، بہت جلد جامعہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے۔