برٹش کونسل کے تحت پشاور میں دوروزہ لرننگ فورم کا انعقاد

13

پشاور۔ 30 جون (اے پی پی):برٹش کونسل کے تحت برطانوی حکومت کے تعاون سے جاری پروگرام آواز II کے سلسلے میں خیبر پختونخوا میں سماجی تبدیلی کے لیے ہونے والی کوششوں کو سراہنے اور مضبوط کرنے کے لیے پشاور میں دو روزہ لرننگ فورم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ایونٹ عمر اصغر خان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن (OAKDF) کے اشتراک سے منعقد ہوا، فورم میں ایک سو زیادہ کمیونٹی لیڈرز، آواز ڈسٹرکٹ فورم اور سول سوسائٹی کے دیگر کارکنان اور سرکاری نمائندوں نے شرکت کی۔فورم کا افتتاح خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کیا۔

اس موقع پر دلچسپ فیلڈ اسٹوریز، انٹرایکٹو سیشنز، اور جامع مباحثوں کا انعقاد کیا گیا جن میں شمولیتی طرز حکمرانی، مقامی قیادت اور محروم طبقات کے حقوق کو اجاگر کیا گیا۔ پالیسی ماہرین رخشندہ ناز اور وقاص پراچہ نے عوامی احتساب اور شمولیتی بجٹ سازی پر ایک کلیدی سیشن کی قیادت کی جبکہ آواز II کی ٹیم لیڈ ڈاکٹر یاسمین زیدی نے کمیونٹی کی آوازوں کے مرکزی کردار پر زور دیا۔(OAKDF) کی راشدہ دوہد نے مقامی قیادت کی تبدیلی کی قوت کو اجاگر کیا۔ صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ، سابق مشیر وزیر زادہ اور ایڈیشنل سیکریٹری عمرا خان نے آواز II کی جانب سے صوبے میں

مساوات اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔