کیپ ٹائون۔22نومبر (اے پی پی):روس نے اسرائیل فلسطین تنازع کے سیاسی حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی ریاستیں اور برکس گروپ کے ممالک تصفیہ تک پہنچنے کی کوششوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔
سعودی اخبار اردو نیوز کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے منگل کو ورچوئل برکس سربراہی اجلاس میں ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کے بحران کو خطے میں امریکی سفارت کاری کی ناکامی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری کی مشترکہ کوششوں کا مطالبہ کرتے ہیں جس کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا، جنگ بندی اور فلسطین اسرائیل تنازع کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے اور برکس ممالک اور خطے کے ممالک اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ایسی کوشش کو کس طرح منظم کیا جا سکتا ہے۔