برہان وانی شہید تحریک آزادی کشمیر کا روشن ستارہ ہے، وزیراعظم چوہدری انوارالحق

38

مظفر آباد۔ 08 جولائی (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ برہان وانی شہید تحریک آزادی کا روشن ستارہ ہے ۔ وزیراعظم نے برہان وانی شہید کو یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی شہید نے بھرپور عالم شباب میں بھارت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ، برہان وانی شہید نے اپنی سرزمین کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کو تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید نے نہتا ہونے کے باوجود بھارتی فوج کو للکارا ،وہ ایک دلیر شخصیت تھے ۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کشمیری قوم کے ہیرو ہیں ،انشاءاللہ ان کا مشن مکمل کیا جائے گا اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ فوجی قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیریوں کے سیاسی ،مذہبی اور معاشی حقوق کو سلب کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئےاپنا اثر ورسوخ استعمال کرے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔