اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنےبرہان وانی اور تمام کشمیری شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان وانی شہید حق خودارادیت کی جدو جہد کے حوالے سے کشمیری نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے،
برہان وانی جیسے لاکھوں کشمیری نوجوان حق خودارادیت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔برہان وانی کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی بے دریغ جاری ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز میں شہید کر رہی ہے،عالمی مزمت کے باوجود بھارتی افواج کشمیری عوام کے خلاف پیلٹ گن کا استعمال کر رہی ہے،عالمی برادری غیر قانونی زیر تسلط کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے،پاکستان کشمیریوں کے حقوق کی آواز پوری دنیا میں بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔