برہان وانی کاچھٹا یوم شہادت جمعہ کو یوم مزاحمت کے طورپر منایا جائے گا

83
اسلام آباد، برہان وانی کے یوم شہادت پر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا مظاہرہ

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):بھارتی غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج سے 6 سال قبل آئی ٹی و ٹیکنالوجی کے ماہر برہان ظفر وانی کو شہید کیا گیا تھا جس کے بعد بہت سی چیزیں تبدیل ہو گئیں تاہم وہاں پر حالات کو معمول پر لانا ابھی کوسوں دور ہے کیونکہ پرامن مزاحمتی تحریک کو دبانے کے لئے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے اور ریاستی دہشتگردی کی جارہی ہے۔

کرکٹ کے دلدادہ وانی اور ان کے ساتھیوں کو بھارتی فورسز نے 8 جولائی 2016ءکو ماورائے عدالت قتل کر دیا تھا، جس پر ان کی نسل کی نمائندگی کرنے والے نوجوانوں نے اس شہید نوجوان کی یاد مناتے ہوئے آزادی کی جدوجہد کو نئی جلا بخش دی اور کشمیریوں کی مقامی طور پر شروع کی گئی آزادی کی جدوجہد سے متعلق بھارتی فرضی اور جعلی بیانیہ کو شکست دیدی۔

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشتگردی کے مترادف قرار دینے کے لئے کئی سالوں سے سخت کوششیں کرتا رہا ہے تاہم وانی نے اس کاز کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بھارتی عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ہر سال بھارتی حکام اس شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کا دن منانے سے لوگوں کو روکنے کے لئے سخت پابندیاں عائد کرتے ہیں تاہم اس کے باوجود لوگ خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شہید رہنما کے آبائی قصبہ ترال پہنچتے ہیں۔ کشمیری 8 جولائی سے لے کر 13 جولائی تک شہداءکا ہفتہ منا رہے ہیں،

ہر سال 8 جولائی کو برہان وانی کے یوم شہادت کی برسی مزاحمت کے دن کے طور پر منائی جاتی ہے جبکہ 13 جولائی کو ان 22 کشمیری شہداءکی یاد میں دن منایا جاتا ہے جو 1931ءمیں سرینگر میں مہاراجہ کے فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے تھے۔ مزاحمت کا دن خاص طور پر وانی اور اس کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منایا جائے گا جبکہ اس موقع پر کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں گے اور عالمی برادری کو کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی یاددہانی کرائیں گے۔

شمشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے شہید کشمیری نوجوان رہنما ء برہان مظفر وانی کو چھٹی برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی شہید مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف مزاحمت کی ایک ایسی علامت ہے کہ جس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مقبوضہ کشمیرکی پڑھی لکھی نوجوان نسل میں جدوجہد کی ایک نئی روح پھونکی ہے۔

آل پاکستان حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین نے کہا ہے کہ شہداءکا ہفتہ منانے کا مقصد شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنا اور کشمیر کی آزادی کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ آل پاکستان حریت کانفرنس کے ایک اور رہنما نعیم احمد خان نے تہاڑ جیل میں شہید وانی کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے ان نوجوانوں پر فخر ہے جنہوں نے مزاحمت کی جدوجہد میں ہمیشہ صف اول میں سرگرم رہے۔