بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض بارے خواتین میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ،نیلوفر بختیار

107
نیلوفر بختیار

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق کے ذیلی ادارے مرکز برائے ترقی خواتین کے زیراہتمام بریسٹ کینسر پر آگاہی سیمینار اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد ہوا ۔تقریب کی مہمان خصوصی قومی کمیشن برائے  وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار تھیں جبکہ بریسٹ کینسر سکریننگ سنڑ پمز کی سربراہ ڈاکٹر عائشہ عیسانی، ثوبیہ خطیب فاؤنڈیشن کی سربراہ ثوبیہ خطیب پنک ربن فاونڈیشن کی میڈیکل ٹرینر ڈاکٹر منزہ محسن، رفاہ ہاسپٹل کی سارہ ملک، ایسوسی ایشن آف میڈیکل اینڈ ریسرچ کونسل کی ڈاکٹر عارفہ جمیل، معروف گائناکولوجسٹ ڈاکٹر روبینہ نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر پنک ربن فاونڈیشن ،ایسوسی ایشن آف میڈیکل اینڈ ریسرچ کونسل، صحت ڈاٹ کام ،رفاہ انٹرنیشنل ہاسپٹل، اور خطیب فاونڈیشن کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے گئے جہاں پر خواتین کو الٹرا ساؤنڈ، ڈینٹل کلینک، شوگر بلڈ ٹیسٹ، مینٹل ٹیسٹ، جنرل میڈیکل ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی گئی ۔مہمان خصوصی نیلوفر بختیار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ کینسر ایک جان لیوا مرض ہے جو خواتین میں تیزی سے پھیل رہا ہے ،خواتین بالخصوص نوجوان بچیوں کو اس حوالے سے  زیادہ سے زیادہ آگاہی دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپنی فیملی میں کینسر کے مرض کو بہت قریب سے دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرض کی ابتداء میں تشخیص ہو جائے تو بہت سی جانیں بچائی جا سکتی ہیں ، خواتین کو چاہئے کہ وہ سیلف ایگزامینیشن کرتی رہا کریں تاکہ مرض کا بروقت پتہ لگایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ این سی ایس ڈبلیو خواتین پر تشدد کے خاتمے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر بارے آگاہی کیلئے این سی ایچ آر اور مرکز برائے ترقی خواتین مل کر آگاہی مہم شروع کریں گے۔ ڈاکٹر ثوبیہ خطیب نے ذہنی صحت کے بارے ميں بات کی۔ڈاکٹر روبینہ نے بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کی اہمیت کے بارے ميں بتايا اور شرکاء کو سیلف ایگزامینشن اور طریقہ کار سے آگاہ کیا ۔ڈاکٹر عارفہ جمیل نے کینسر کے بارے میں لوگوں کے توہمات اور خدشات کے بارے ميں بات کی ۔ڈپٹی ڈائریکٹر مسز عصمت آفریدی نےمیڈیکل کیمپ میں تعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے رویے اس مرض میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ،یہ ایک چیلنج ہے جس سے سب نے متحد ہو کر نمٹنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ علاقے کی خواتین کو ہنرمندی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔یہاں سے فارغ التحصیل سینکڑوں خواتین باعزت روزگار کما رہی ہیں اور اپنے گھر والوں کا ہاتھ بٹا رہی ہیں۔تقریب کی نظامت کے فرائض ریڈیو اور ٹی وی کی معروف ہوسٹ نائیلہ حق نے انجام دیئے ۔