پشاور۔ 16 فروری (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس پشاور میں برینز انسٹیٹیوٹ پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط حوالے تقریب منعقد ہوئی۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو اور برینز انسٹیٹیوٹ پشاور کی جانب سے ریکٹر ظفراللہ خان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت برینز انسٹیٹیوٹ پشاور اپنے ادارے میں خیبر پختونخوا پولیس کے شہدا اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو سکول فیس اور داخلہ میں خصوصی رعایت فراہم کرے گا۔
شہداءفیملیز، زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اورحاضر سروس افسران واہلکاروں کے بچوں کو سکول فیس اور داخلوں کی مد میں رعایت دستیاب ہوگی۔ اسی طرح معاہدے کی رو سے زیادہ سے زیادہ 5سیٹیں شہداءکے بچوں اور 5سیٹیں زخمی اہلکاروں کے بچوں کے لئے مختص کی گئی ہیں۔برینز انسٹیٹیوٹ پشاور پولیس شہدا کے بچوں کو سالانہ داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 75% فیصد رعایت، فرائض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے ماہانہ ٹیوشن فیس اور داخلے میں 50فیصد رعایت اورحاضر سروس پولیس افسروں و اہلکاروں کے بچوں کو ماہانہ ٹیوشن فیس اور داخلے میں 25% فیصد رعایت دے گا۔
اس مقصد کے لیے اسٹوڈنٹس کو برینز انسٹیٹیوٹ پشاور کے تعلیمی اداروں میں فیسوں میں خصوصی رعایت کے لیے درخواستیں متعلقہ ڈی پی اوزیا اےآئ جی ویلفیئر کی طرف سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کے ہمراہ جمع کروانی ہونگی۔ فیسوں میں رعایت حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس ان تعلیمی اداروں کے تمام قوائد و ضوابط پر عمل درآمد کے پابند ہونگے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے ریکٹر برینز انسٹی ٹیوٹ ظفراللّٰہ خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے ہر رینک کے افسرو جوان نے اپنی قیمتی جان ہتھیلی پر رکھکر خدمات دیں جسکی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے اور پوری قوم انکی خدمات کی معترف ہے اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداءکے بچوں کی دیکھ بھال اور بہترین تعلیم و تربیت کی ذمہ داری پورے معاشرے کی بنتی ہیں اور کہا کہ شہداءکے بچوں کی بہتر تعلیم کے مشن میں اُن کا ادارہ سب سے آگے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس شہداءکی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔
ریکٹر برینز انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ آج ہم جس پرُامن ماحول میں سانس لے رہے ہیں وہ پولیس شہداءاور غازیوں کی قربانیوں کا مرہون منت ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کو جب بھی ضرور ت ہوگی اُن کا ادارہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہیگا۔ ڈی آئی جی ویلفیئرمحمد کاشف مشتاق کانجونے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات کی ویژن کے مطابق اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں ۔