بریگزٹ کی تاریخ بڑھانے پر غور کریں گے،یورپی کونسل

85

برسلز ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی) یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کی تاریخ میں توسیع کی تجویز پر غور کریں گے۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا اصرار رہا ہے کہ ان کا ملک ہر صورت میں اکتیس اکتوبر کویورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا لیکن گزشتہ روز برطانوی اراکین پارلیمان نے بریگزٹ پر قانون سازی سے متعلق حکومتی کوشش مسترد کردی تھی۔یورپی کونسل کے صدر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ 27 رکنی یورپی یونین سے درخواست کریں گے کہ وہ بریگزٹ کی طے شدہ تاریخ میں توسیع کر دے، متوقع توسیع آئندہ برس جنوری کے آخر تک ہو گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایسی صورت میں برطانوی حکومت ملک میں نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔