بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ

95

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ
آرمی چیف کو بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی غیر معمولی خلاف ورزیوں میں اضافہ اور پاکستانی فوج کے موثر جواب کے بارے میں آگاہ کیا گیا

راولپنڈی ۔ 14 اگست (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی غیر معمولی خلاف ورزیوں میں اضافہ اور پاکستانی فوج کے موثر جواب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ اقدار اسے کنٹرول لائن کے قریب سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کے بھارتی فوج کی طرح کے اقدام کا جواب دینے سے روکتی ہے۔ آرمی چیف نے فوجیوں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ جشن آزادی کو وطن کے دفاع سے بہتر طریقہ سے نہیں منایا جا سکتا۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوج کا ظلم و ستم مقبوضہ کشمیر کے بہادر کشمیریوں کی قربانیوں اور جذبے کو ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جبرو استبداد کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد میں ہم ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔ قبل ازیں اگلے مورچوں پر پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔