بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا آرمی میڈیکل کور کے مختلف شعبوں کا دورہ

291
ispr
ispr

راولپنڈی۔19نومبر (اے پی پی):الوداعی دوروں کے سلسلہ میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہفتہ کو آرمی میڈیکل کور کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، پاکستان آرمی کی سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھیں ، آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال(سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا اور میجر جنرل محمد محسن قریشی کمانڈنٹ سی ایم ایچ نے انہیں جدید ترین طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو بریفنگ دی گئی کہ طبی دیکھ بھال کی منصوبہ بندی بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق کی گئی ہے اور مریضوں کی دیکھ بھال ہسپتال انتظامیہ کی توجہ کا مرکز ہے۔ سویلین/غیر مستحق مریضوں کی سہولت کے لیے خصوصی کائونٹر بھی قائم کیے گئے ہیں۔ مریضوں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے اور مریضوں کے اٹینڈنٹ کے لیے متعلقہ سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

آرمی چیف کو اکیڈمک سنٹر میں لائیو سرجری کے عمل کے ذریعے ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے نیا قائم کیا گیا کنٹرول روم بھی دکھایا گیا، جسے طبی طلباء کو جراحی کے طریقہ کار کی بہتر تفہیم کے لیے ڈیزائن اور قائم کیا گیا ہے۔ بری فوج کے سربراہ نے آرمی میڈیکل کور کی کوششوں کو سراہا جو مسلح افواج کے ارکان، ان کے خاندانوں اور سویلین مریضوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال اور جدید ترین علاج معالجہ کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

دیگر سہولیات کے علاوہ، شہداء فیملیز اینڈ ویٹرنز کا طبی سہولت مرکز بغیر کسی رکاوٹ کے بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے جس میں خون کے نمونے لینے، ادویات اور شہدا کے خاندانوں اور75 سال کی عمر تک کے سینئر سابق فوجیوں کو چیک اپ شامل ہیں۔ اپ گریڈ شدہ فارمیسی اب روزانہ3000 مریضوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔ آرمی چیف نے مسلح افواج کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ کے نئے ٹریننگ بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

بعد ازاں انہوں نے نئے تعمیر شدہ گیسٹ رومز، نئے قائم کردہ آرمی ہیلپ سینٹر اور آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈ شدہ سہولیات کا دورہ کیا۔آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی فرض شناسی اور یادگار کام کے لیے بے لوث لگن کی تعریف کی۔

صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے میں شامل کی جانے والی بے پناہ بہتری کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے معیاری صحت کی دیکھ بھال فوج کے فلاحی نظام کی بنیادی خصوصیت ہے اور فوجیوں کے مورال کے لیے اہم ہے۔ قبل ازیں سی ایم ایچ پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔