اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے باجوڑ میں پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، انہوں نے اس المناک واقعہ کے نتیجہ میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی، تحصیلدار اور دیگر قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں، سرکاری افسران و اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ، شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے سفاکانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سول انتظامیہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لئے متحد اور پرعزم ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہدا کی بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔