بزدل دشمن بہادر قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا،دہشتگردوں کو شکت فاش ہوگی،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

76
ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):بلو چستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار کے حملے میں 9 جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور شدید غصے کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہدانے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بزدل دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایاجس کے لئے پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا،دشمنوں کی جانب سے ایسی بزدلانہ حرکتیں انتہائی قابل مذمت ہیں ۔

انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے جوانوں اور زخمیوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں شہیدوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے، اس جنگ میں دشمنوں کو شکست فاش اور پاکستانی قوم سرخرو ہو گی ۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ وطن کےلئے جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی ،فوجی جوانوں پر خود کش حملہ کرنے والوں کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ اپنے تمام سکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی یا مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر انہیں دیں تاکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے بروقت بچا جا سکے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔