بزنس فسیلیٹیشن سنٹر سیالکوٹ میں وزارت خارجہ کا کاؤنٹر قائم ہونا انتہائی خوش آئند ہے، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

122

سیالکوٹ۔28جنوری (اے پی پی):صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) عبدالغفور ملک نے کہا ہے کہ بزنس فسیلیٹیشن سنٹر (بی ایف سی)سیالکوٹ میں وزارت خارجہ کا کاؤنٹر قائم ہونا انتہائی خوش آئند ہے، بی ایف سی سیالکوٹ میں وزارت خارجہ کا کاؤنٹر قائم ہونے سے تجارت سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کے لیے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کو اسلام آباد کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے وفاقی حکومت کے محکموں، جیسے ایف بی آر، پی ایس ڈبلیو، واپڈا، ایس یو آئی، گیس اور خاص طور پر وزارت خارجہ کے ایک تصدیقی کاؤنٹر کو شامل کرنے کے لیے انتھک وکالت کی ہے جس کا مقصد سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کے لیے حقیقی معنوں میں سہولتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ان باتوں پر وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر صنعت پنجاب، سیکرٹری صنعت پنجاب سمیت اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مختلف ملاقاتوں کے دوران بہت زور دیا اور خاص طور پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے 02 جنوری 2024 کو ہونے والی ملاقات میں جس میں وزیراعظم نے یہ کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ صدر ایس سی سی آئی کا کہنا تھا کہ اب وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ وزارتوں کو پی ایس ڈلیو،ایف بی آر/کسٹمز، پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے کاؤنٹر پنجاب بھر میں تمام بی ایف سیز میں قائم کرنے کی باضابطہ ہدایات بھی دے دی ہیں جو کہ ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صرف ‘ بی ایف سی سیالکوٹ’ میں وزارت خارجہ کے ایک اضافی کاؤنٹر کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت سے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کو اپنے کاروباری دستاویزات کی تصدیق کے لیے اسلام آباد جانے میں درپیش تکلیف میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اور صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس کام میں ہمارا بہت ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اجتماعی کوششوں نے نہ صرف پنجاب میں کاروبار کے لیے سرکاری خدمات کی فراہمی میں انقلاب برپا کیا ہے بلکہ کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے بھی خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں۔