18.2 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 14, 2025
ہومتجارتی خبریںبزنس کمیونٹی موجودہ حکومت کی کوششوں کی معترف ہے جس نے ملک...

بزنس کمیونٹی موجودہ حکومت کی کوششوں کی معترف ہے جس نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا کے معاشی استحکام کی راہ پر ڈال دیا ہے،ریحان نسیم بھراڑہ

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 13 مارچ (اے پی پی):چیمبرز کی مشاورت سے متعلقہ وزارتوں کو معاشی ترقی کیلئے ڈرافٹ ایکشن پلان تیار کرنا خوش آئند ہے۔ اس سے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں گی جن کے ذریعے معاشی استحکام کو تیز رفتار ترقی کی طرف بڑھایا جا سکے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ملک بھر کے اہم چیمبرز اور متعلقہ وزارتوں کے ذمہ داران سے ملاقات کے بعد بتائی۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی موجودہ حکومت کی کوششوں کی معترف ہے جس نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا کے معاشی استحکام کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں خاص طور پر افراط زر، مارک اپ، برآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور دیگر میکرو اکنامک اعشاریوں میں بہتری پر حکومت کی معاشی ٹیم کی انتھک کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اب ہمیں زمینی حقائق سے ہم آہنگ ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جن کے ذریعے معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ چیمبرز دراصل ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی حقیقی نمائندگی کرتے ہیں جن میں ایس ایم ای سیکٹر بھی شامل ہے جن کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے انڈر انوائسنگ، ای ڈی ایف اور معیشت کو دستاویز ی حیثیت دینا بارے تجاویز پیش کیں اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کے حقیقی نمائندوں کی مشاورت سے حکومت زیادہ بہتر نتائج حاصل کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب بجٹ سے قبل ہی مختلف چیمبرز کا دورہ کررہے ہیں تاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کیلئے بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر مشاورت کی جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت اس کیلئے 50 ایکڑ رقبہ مختص کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت سے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں جن سے نہ صرف بزنس کمیونٹی مطمئن ہو بلکہ حکومت کو اپنے معاشی اہداف حاصل کرنے میں بھی آسانی ہو۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ چیمبرز عالمی اور مقامی تناظر میں حکومت کو اہم معاشی معاملات پر بہترین Inputدے سکتے ہیں جن سے نہ صرف بزنس کمیونٹی مطمئن ہو بلکہ ملکی معیشت کو بھی مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے بزنس کمیونٹی کے جائز خدشات کو دور کرنے کے سلسلہ میں حکومت کی یقین دہانی کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے بہتری کی توقعات ہیں جبکہ بزنس کمیونٹی حکومتی محاصل میں اضافے کیلئے بھی قابل عمل تجاویز دے سکتی ہے۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ یقین دہانیاں کر ا رہی ہے۔ انہوں نے پالیسی سازی میں بزنس کمیونٹی کو شامل کرنے پر وزیر اعظم اور اُن کی معاشی ٹیم کے کردار کو بھی سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572119

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں