فیصل آباد۔ 09 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تاجروں سمیت ہر دوسرے شخص کو چور سمجھنے کی روایت کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور موجودہ حکومت بزنس کیمونٹی کے تعاون سے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرے گی۔ یہ بات انہوں نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتمادکی بحالی ضروری ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ انہوں نے پاکستان ریلوے کی بحالی اور ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے اور اس سلسلے میں قلیل اور طویل مدتی منصوبوں پر عمل شروع کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی اب گریڈیشن کیلئے ڈیڑھ مہینے کی ڈیڈ لائن بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوااور چین، ملائشیا اورآذربائیجان سمیت دنیا کے تمام ممالک میں پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے دفاع اور بہتری کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہمیں اپنی فوج اور جوانوں پر فخر ہونا چاہیے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں 436 بغیر پھاٹک کے ریلوے کراسنگ ہیں۔ حکومت نے 150 کراسنگ پر پھاٹک لگانے کیلئے 9ارب روپے مختص کیے ہیں اور یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم بزنس کیمونٹی کی پارٹنر شپ سے ریلوے کو ملک کا منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں اوراس سلسلے میں پائیدار تجاویز درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد فیصل آبادملک کی معیشت چلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ میں فیصل آباد چیمبر کے تمام مطالبات کو منظور کرلیا گیا ہے۔
پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے حکام فیصل آباد کے 10 کلومیٹر کے دائرہ کار میں ریلوے کی تمام آپریشنل جگہوں کو نکال کر باقی نان آپریشنل پراپرٹیز کی نشاندہی کریں۔ فیصل آباد کی تاجر براداری فیصل آباد کی حد تک ریلوے کی بحالی اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیارہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے کی عملی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے لاہور کے ریلوے اسٹیشن کو اس انداز میں ترقی دی ہے کہ وہ ایئرپورٹ کا نمونہ نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہر ادارے کا سربراہ حنیف عباسی جیسی مخلصانہ کوششیں کرے تو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا خواب بہت جلد شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ سرکاری محصولات کی ادائیگی میں یہ شہر گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے مگر فیصل آباد میں تیار ہونے والی برآمدی مصنوعات کی کلیئرنس کراچی سے ہونے کی وجہ سے ہمارے حصے کو پورٹ سٹی کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں فریٹ ٹرینوں سے منافع کما کے مسافر ٹرینوں کو سبسیڈائزکیاجاتا ہے لہٰذا پاکستان میں بھی فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کر کے زیادہ ریونیو اکٹھا کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے شاہدرہ اور فیصل آباد سے خانیوال تک سنگل ٹریک ہے۔ اس کو ڈبل ٹریک کر کے گاڑیوں کی تاخیر کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد سے کراچی کیلئے بلا ناغہ فریٹ ٹرین چلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سندھ میں چند ماہ قبل احتجاج کی وجہ سے مرکزی شاہراہ بند رہنے سے حکومت اور تاجروں کو اربوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔لہٰذا نئی فریٹ ٹرین چلانے کے علاوہ موجودہ مسافر ٹرینوں میں بھی سامان کی بوگیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چند روز قبل لاہور سے کراچی کیلئے عالمی معیار کی بزنس ٹرین کا افتتاح کیا ہے۔
مقامی بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے اس معیار کی ٹرین فیصل آباد سے بھی چلائی جائے۔انہوں نے فیصل آباد سے لاہورکے درمیان تعطل کا شکار ٹرین، ریلوے اسٹیشن کے باالمقابل زمین کو کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے، فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشن کی محرومیوں کا ازالہ اور اضافی سہولتوں کی دستیابی، ریلوے کی دستیاب اراضی پر پھلدار پودوں کی وسیع شجر کاری، گوجرہ سے سانگلہ ہل تک پسنجر ٹرین چلانے، مسافر ٹرینوں میں فیصل آباد چیمبرکے ممبران کیلئے خصوصی کوٹہ کی بحالی اورفیصل آباد سے چنیوٹ جانے والی ریلوے لائن ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب ٹریک سے ملحق پلیٹ فارم تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔
نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ آخر میں میاں ادریس نے صدر ریحان نسیم بھراڑہ، نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ و دیگر شرکا کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے کو فیصل آباد چیمبر کی یادگاری شیلڈ اور پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ کو تحائف پیش کیے۔
وفاقی وزیر نے فیصل آباد چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرنے کے علاوہ تاجر برادری کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنایا۔ اس موقع پر سابق ایم این اے میاں عبدالمنان، سابق صدر چیمبر مزمل سلطان، رانا سکندر اعظم، ایگزیکٹو ممبران مرزازاہد اقبال، محمد علی، حافظ عطاء اللہ، انجینئر بلال جمیل، شاہد مجید، طارق محمود قادری اور دیگر مہمانان گرامی بھی موجود تھے۔
P