بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں،سلیم اللہ

95

فیصل آباد۔ 12 نومبر (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ ملکی معیشت کو ٹھوس اورپائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔ وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر اور لائنز کلب کے سابق انٹر نیشنل ڈائریکٹر میاں محمد ادریس کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں فیصل آباد کے سرکردہ تاجروں کے علاوہ سٹیٹ بینک اور دیگر کمرشل بینکوں کے عہدیداروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

میاں محمد ادریس نے ڈپٹی گورنر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ اس سے قبل فیصل آباد میں بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ نجی شعبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے خاص طور پر کرونا کے لاک ڈاؤن کے دوران سٹیٹ بینک کی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ یہ عالمی بحران کے دوران سٹیٹ بینک کی پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف برآمدات کا سلسلہ جاری رہا بلکہ لوگوں کا روزگار بھی برقرار رہااور کاروباری طبقہ کے مسائل کم کرنے کیلئے بھی انہیں رعایتی نرخوں پر قرض دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کو اب بھی ایسی حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی جس سے نجی شعبہ افراط زر اور مہنگے قرضوں کے باوجود ترقی کر سکے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی بھی موجود تھے۔