اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لہذا اس کو درپیش چیلنجز کو حل کرنا تمام متعلقہ محکموں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔پیر کے روز چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیمبر کا دورہ کرنے والے مختلف تجارتی رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناصر منصور قریشی نے تاجر برادری کو درپیش کئی ایک اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے زور دیا کہ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے اور مجموعی اقتصادی بہتری کے حصول کے لیے ان مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔صدر ناصر قریشی نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری کی حمایت کے لیے پرعزم ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر سہولت مراکز کے قیام کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جگہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جیسے کہ ٹی ڈی اے پی، نادرا، ایف ٹی او، پولیس کی تصدیق اور میڈی ایشن کونسل کے لیے جگہ فراہم کی گئی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانی ہو۔ انہوں نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) پر بھی زور دیا کہ وہ آئی سی سی آئی میں ایک سہولت ڈیسک قائم کرے،
کیونکہ کاروباری برادری کے بہت سے چیلنجز براہ راست سی ڈی اے کے ضوابط سے جڑے ہوئے ہیں اور اگر سی ڈی اے ہمارے احاطے میں ایک سہولتی ڈیسک قائم کرنے کے لیے پہل کرتا ہے تو یہ اسلام آباد میں کاروباری اداروں کو درپیش بہت سے چیلنجز کو حل کرنے کی طرف ایک اہم سنگ میل ہو گا۔
صدر ناصر قریشی نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا صورتحال کی نزاکت کو سمجھنے ہوئے ذاتی طور پر آئی سی سی آئی کا دورہ کریں گے تاکہ صنعت و تجارت کے نمائندوں سے بات چیت میں اتھارٹی سے متعلق مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں۔
سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے چیمبر کی جاری کوششوں پر بھی بات کی اور اس بات پر زور دیا کہ ملک اقتصادی خوشحالی کی جانب صحیح راستے پر گامزن ہے۔
نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے تاجر برادری کے اندر اتحاد پر زور دیا کہ وہ اپنے چیلنجز کو حل کرنے اور کاروبار کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں۔