بشری بی بی خواتین کی سیاست پر داغ لگا رہی ہیں، احتجاج کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی شرپسندوں کے ہاتھوں شہادت کی شدید مذمت کرتا ہوں،گورنر پنجاب

107
Governor Punjab

لاہور۔27نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بشری بی بی خواتین کی سیاست پر داغ لگا رہی ہیں، احتجاج کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی شرپسندوں کے ہاتھوں شہادت کی شدید مذمت کرتا ہوں، خواتین کی بزنس سمیت مختلف شعبوں میں کارکردگی قابل تعریف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی پارٹی کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف پرتشدد واقعات کا رونماہونا کسی طرح بھی ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شرپسندوں کے ہاتھوں قیمتی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئی بھی ایسا مسئلہ نہیں جو باہمی مذاکرات کے ذریعے حل نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پروفیشنل کیرئیر میں بھی سوسائٹی کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویمن چیمبرز لاہور ڈویژن خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور دیگر شعبوں میں خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوردراز اضلاع میں ویمن چیمبرز کا قیام خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مختلف شعبے متعین کرتے وقت ایسے شعبوں کو بھی شامل کیا جانا چاہئے جن میں براہ راست خواتین کی شمولیت ممکن ہو۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت میں بہتری آنا اور غیرملکی سرمایہ کاروں کادلچسپی لینا خوشحال پاکستان کی نوید ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کی طرف سے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو مل کر مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔

اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو ویمن چیمبر اور (ویمن ریسورس سنٹر اینڈ انکیوبیشن)کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ وفد میں بانی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، شریک بانی قیصرا شیخ، صدر فلاحات عمران، سنیئر نائب صدر فائزہ نبیل،شائستہ خاور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین بھی شامل تھیں۔