اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بشیر میمن کرپٹ بیوروکریسی کا حصہ ہیں، سیاسی آقائوں کی خوشنودی اور ان کے کہنے پر الٹے سیدھے کام کے اوپر آئے ہیں، ان کے پیچھے پوری ن لیگ کھڑی ہے، بشیر میمن سدھایا ہوا بندر ہے، جو کہا جا رہا ہے وہ کر رہا ہے، یہ جو کر رہے ہیں انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشیر میمن ایک کرپٹ شخص ہیں، ان کے فراڈ اور جعل سازی کے کاموں کے حوالے سے خبریں بھری پڑی ہیںِ، اپوزیشن لیڈرز بلاول بھٹو زرداری اور اعتراز احسن بھی انہیں جھٹلا چکے ہیں ایسے شخص کے بیانات پر کیسے یقین کر لیں، متعلقہ ادارے ان کے تمام مالی وسائل دیکھیں گے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بشیر میمن نے واضح طور پر اشارہ کیا ہے کہ وہ ن لیگ کے سینیٹر بننا چاہتے ہیں اور سودے بازی میں یہ سارا کچھ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی طرف سے بھیجا گیا نوٹس بشیرمیمن کو مل گیا ہو گا، انہیں چاہیے کہ عدالتوں میں لگائے گئے الزامات ثابت کریں، ورنہ شہزاد اکبر سے معافی مانگیں اور انہیں ہرجانہ بھی ادا کریں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے روزانہ یا ہفتہ وار گورنرسٹیٹ بینک، ایف بی آر کے چیئرمین اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سمیت مختلف اداروں کے سربراہوں کے ساتھ ملاقات ہوتی رہتی ہے اور قومی سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔