فیصل آباد۔ 16 ستمبر (اے پی پی):کمشنرفیصل آبادسلوت سعیدنے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کو ٹرانسپلانٹ کے ذریعے بینائی فراہم کرنا عظیم کارخیر ہے، آنکھوں کے معائنہ کے لئے سوشل ایکشن پلان بھی جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے یہ بات انڈپینڈنٹ میڈکل کالج مرضی پورہ نڑوالا روڈ کا دورہ کرکے کارنیا ٹرانسپلانٹ کی رجسٹریشن میں توسیع کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔کمشنر نے بصارت سے محروم افراد کے کارنیا ٹرانسپلانٹ کی تفصیلات دریافت کیں اورکالج کے شعبہ امراض چشم کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے کارنیا ٹرانسپلانٹ کے لئے دستیاب جدید مشینری وآلات دیکھے اور کہا کہ آنکھوں میں کارنیا ٹرانسپلانٹ کا یہ پروگرام کامیابی سے جاری رکھیں۔ کمشنرنے کہا کہ شہریوں کو آنکھوں کی حفاظت اورامراض سے بچنے کے لئے بھرپور آگاہی مہم بھی جاری رہنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کے لئے ایسی پالیسی وضع کریں کہ وہ وطن عزیز میں رہ کر خدمات انجام دیں جبکہ نرسنگ سٹاف کی بھی جدید خطوط پر تربیت اورانہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر عبدالحفیظ چوہدری اورایم ایس ڈاکٹرشہباز نے ہسپتال کے جملہ انتظامات پر بریفنگ دی۔