ریاض۔16جون (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت ہیومن ریسورسزنے سوشل سکیورٹی کے نظام میں شہریت کی شرط سے مستثنیٰ افراد کے بارے میں یاد دہانی کراتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بعض غیر سعودی شرائط پوری ہونے کی صورت میں ماہانہ الاؤنس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اردو نیوز کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’ان مستثنیٰ افراد میں سعودی شہری کی بیوی چاہے وہ اس کے نکاح میں ہو، مطلقہ ہو یا بیوہ بشرطیکہ اس کے سعودی بچے ہوں، وہ مستقل طور پر ملک میں مقیم ہو، اس کے پاس موثر اقامہ موجود ہو اور وہ اپنی حیثیت کے ثبوت کے کاغذات فراہم کرے۔
وزارت نے کہا ہے کہ اسی طرح سعودی عورت کے وہ بچے بھی مستحق ہوں گے جو کسی غیر سعودی شوہر سے ہوں بشرطیکہ شادی کی تصدیق شدہ دستاویز موجود ہو اور بچوں کے اقامے درست ہوں۔ اسی طرح سوشل سکیورٹی کے نظام سے وہ افراد بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو معذور ہوں، یتیم ہوں یا بیوائیں ہوں جن کے پاس موثر اقامہ موجود ہو، بشرطیکہ وہ اپنی معذوری یا یتیمی کی حالت کا ثبوت پیش کریں۔