بلاوجہ سپرے ماحول آلودہ کرنے سمیت فائدہ مند حشرات، شہد کی مکھیوں اور فصل دوست کیڑوں کی تلفی کا بھی باعث بن رہے ہیں،خالد اقبال

99
Dr. Iqrar Ahmad Khan
Dr. Iqrar Ahmad Khan

فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):فصلات، پھلوں وسبزیوں اور غذائی اجناس پربلاوجہ سپرے جہاں ماحول کو آلودہ کرتے ہیں وہیں فائدہ مند حشرات، شہد کی مکھیاں اور فصل دوست کیڑے بھی تلف ہو جاتے ہیں جبکہ سپرے کے باعث سبزیوں کی غذائیت اور معیار بھی متاثر ہو جاتا ہے لہٰذا محکمہ زراعت نے اس سلسلہ میں ۱یک ۱ٓگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ایسی ادویات کے سپرے کی سفارش کی جائے گی جن کااثر صرف 24گھنٹے میں زائل ہو جاتا ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے بتایا کہ حکومتی ہدایا ت کی روشنی میں محکمہ سبزیوں پر ماہرین زراعت کے مشورہ کے بغیر اندھا دھند سپرے کے باعث جلدی امراض، کینسر، اسہا ل، ماد ہ تولید میں کمزوری سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر فوری کارروائی کرتے ہوئے ان نقصانات کے بارے میں کاشتکاروں اور عوام کو آگاہی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپرے کے سد باب کیلئے شروع کی جانیوالی اس مہم کے دوران کاشتکاروں کو بتا یا جائے گا کہ وہ سبزیاں اگانے کے جدید طریقوں سے استفادہ کریں اور غیر ضروری طور پر زائد مقدار میں زرعی ادویات کے سپرے سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں خصوصی لیکچرز دینے کے علاوہ معلوماتی لٹریچر بھی فراہم کیا جا ئے گا تاکہ کاشتکاروں میں زرعی ایجوکیشن کا فروغ ہو سکے۔