اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول آج کے دن مطالبہ کرتے کہ کرپشن، جعلی اکاونٹس اور لوٹ مار کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے، کوئی بھول میں نہ رہے، ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز اس دھرتی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔آج ہمارا پیارا پاکستان اس لئے مشکل میں ہے کہ ماضی میں زرداری اور شریف فیملی نے ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول بھٹو ، سندھ کے عوام کو گرانفروشوں ،ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر کیوں چھوڑا ہوا ہے؟وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، عوام ان کرپٹ حکمرانوں سے نجات مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، آج بھی 20 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے سے بھی مہنگا مل رہا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ2023 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کا سندھ سے بھی خاتمہ ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب، اپنے این آر او زدہ ابو زرداری کو بھی سمجھائیں کہ این آر او لینے کے لئے کوششیں بند کردیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بلاول بتائیں کہ 13 برسوں میں ایسا کون سا بڑا کام سندھ کے عوام کے لئے کیا ہے؟ ۔