بلاول بھٹو آزاد کشمیر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کاجلسہ عام سے خطاب

40

چڑھوئی۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پرچی چیئرمین بلاول بھٹو آزاد کشمیر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے، سندھ میں 30 سال سے ان کی حکومت ہونے کے باوجود کراچی کچرے کا ڈھیر ہے، کتے کے کاٹے کی ویکسین موجود نہیں، آزاد کشمیر کی ترقی کی باتیں کرنے والے پہلے لاڑکانہ کو بدلیں، پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔

وہ جمعہ کو ایل اے 12 چڑھوئی سے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری شوکت فرید کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے بھی خطاب کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ اس سے قبل ماضی کی دونوں جماعتیں گلگت بلتستان میں بڑے بلند و بانگ دعوے انتخابی مہم میں کر رہی تھیں لیکن انہیں دو سیٹیں ملیں، آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،

جو سیاسی رہنما آج آزاد کشمیر کے غیور لوگوں کے سامنے انتخابی مہم کے سلسلہ میں بلند و بانگ دعوے کر رہے ہیں وہ کیا سمجھتے ہیں کہ کشمیری یہ بھول گئے ہیں کہ جب کشمیر میں اجتماعی قبریں دریافت ہو رہی تھیں، مائوں بہنوں کی عصمتیں لوٹی جا رہی تھیں تو ایسے میں جندال بغیر ویزا کے کس سے ملنے آتا تھا، مودی کو اپنی بیٹی کی شادی پر کس نے بلایا، آم کی پیٹیاں تحفے میں کون بھیجتا تھا، انہیں اب کشمیر کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور لیڈر پرچی لہراتے ہوئے کشمیر پہنچ گیا، وہ آزاد کشمیر کو بدلنے کی بات کر رہا ہے وہ اس سے قبل لاڑکانہ کو بدلے، سندھ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین دستیاب نہیں،

کراچی کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے، آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات تحریک انصاف جیتے گی، وزیراعظم عمران خان نے جس طرح دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑا، کشمیر کے لوگ اس پر ضرور غور کریں، جن لوگوں نے اجتماعی قبروں پر خاموشی اختیار کی، کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں پکڑا، اس دوران وہ خاموش رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے خطاب میں اپنے آپ کو کشمیریوں کا سفیر قرار دیا، انہوں نے عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ لڑا، ناموس رسالت پر مسلمانوں کے جذبات دنیا کے سامنے رکھے جو اب پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی بات کرتا ہے، ہمیں ایسے لیڈر پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات ہوئے، اس کے بعد وہاں پر ہائیڈل کے منصوبوں، انفراسٹرکچر کیلئے 370 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا ہے، کشمیریوں کے ساتھ بھی جو وعدے کریں گے وہ پورے کریں گے، الیکشن سے قبل ہی عمران خان کشمیریوں کو صحت انصاف کارڈ اور بجٹ میں اضافہ دے چکے ہیں، ہم ترقیاتی منصوبوں کا اعلان ابھی اس لئے نہیں کرتے کہ انہوں نے پہلے ہی دھاندلی کا رونا شروع کر دیا ہے، ہم عمل کرکے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سابق دور کے حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے جلسہ عام میں موجود پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے گلی گلی، کوچہ کوچہ پھیل جائیں اور اس کیلئے مہم چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نے مجھے جو محبت دی، میرا وعدہ ہے کہ میں قومی اسمبلی میں ان کا نمائندہ بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل بروقت ہو۔