کراچی۔ 21 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی میں ایران کے قونصل خانہ جاکر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کے ناگہانی انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے ایرانی قونصل جنرل حسن نورین سے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری نے ابراہیم رئیسی اور امیر عبداللہیان کے متحرک کردار اور گراں قدر خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پی پی پی چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ ایران میں ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی زندگیوں کے ضیاع پر دلی طور پر صدمہ پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ امیر عبداللہیان سے متعدد مثبت ملاقاتوں میں ایک قلبی تعلق قائم ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔