اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی سمیت گلگت بلتستان کی دیگر جماعتوں کے رہنمائوں کی پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔جمعرات کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گلگت بلتستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے ملاقات کی۔ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی سمیت گلگت بلتستان کی دیگر جماعتوں کے رہنماوں نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ، پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈووکیٹ اور سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش ، پی پی پی رہنما غفار خان، انجینئر اسماعیل، شہزاد آغا، بشیر احمد خان، محمد ایوب شاہ، نیاز علی صیام ایڈووکیٹ اور وزیر وقار بھی موجود تھے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے سابق اسپیکر فدا محمد ناشاد،مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان حکومت کے سابق وزیر اقبال حسن،پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان حکومت کے سابق وزیر حیدر خان ، گلگت بلتستان نیشنل موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عباس ، گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی شعبہ خواتین کی سابق صدر اور سابق رکن اسمبلی آمنہ انصاری ایڈووکیٹ ،پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے سابق رکن وزیر حسن ، پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے رہنما محمد نسیم خان، خادم دلشاد شگری کے علاوہ وزیر تاجور، امیر خان اور وزیر ذوالفقار بھی پی پی پی میں شامل ہوگئے۔