بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لئے آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا ہے، فیصل کریم کنڈی

204

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لئے آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، کشمیر کا مقدمہ پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر لڑا ہے۔وزیر خارجہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بارے بتائیں گے،

جی 20 کانفرنس مقبوضہ کشمیر میں ہونے جارہی ہے جس پر پاکستان نے ہمیشہ احتجاج کیا، اس کیس کو ہم نے ہر جگہ اٹھایا کہ یہاں نہیں ہونا چاہیے، اس سلسلہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو 21 تاریخ کو اسلام آباد سے مظفر آباد جائیں گے جہاں وہ کشمیر اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے، میڈیا سے بھی بات کریں گے اور 23 تاریخ تک کشمیر میں رہیں گے۔

یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن تھا۔9 مئی کے واقعات کی پیپلز پارٹی نے بھرپور مذمت کی۔9مئی کو سرکاری املاک کو فوجی تنصیبات کو جلایا گیا۔پی ٹی آئی کے ممبران نے بھی 9 مئی کے شرپسندانہ واقعات کی مذمت کی ہے۔اور واضح طور پر کہا ہے کہ جو لوگ ذمہ دار ہیں ان کو سزا دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک دوسرے کے ساتھ سیاسی اختلاف ہوسکتا ہے لیکن ماضی میں کبھی بھی ایسے حالات پیدا نہیں ہوئے۔عمران خان نے کال دی تھی جس پر ان کے کارکنان نے یہ کیا۔

پی ٹی آئی کے اپنے پارٹی کے لیڈر ان واقعات کی مذمت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ روز بھی نیب عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور انہوں نے ڈرامہ کیا کہ مجھے گرفتار کرنے لگے ہیں۔پیپلز پارٹی نے دور میں عدالتوں کا احترام کیا۔محترمہ بے نظیر بھٹو ہر عدالت میں پیش ہوئیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ خواتین اور بچوں کو ڈھال بنایا۔انہوں نے اپنے دور اقتدار میں گھریلو خواتین کو گھروں سے اٹھا کر جیلوں میں بند کیا۔اور اب پی ٹی آئی راہنماگرفتاری کے ڈر سے چھپ کر بیٹھے ہیں۔ملک میں عمران خان اور دوسروں کے لئے الگ قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگوں نے پیپلز پارٹی سے رابطے کئے ہیں۔پیپلز پارٹی نے ملکی صورتحال پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نیشنل سیکورٹی میٹنگ سے متعلق پارٹی کو اعتماد میں لیں گے۔اور کل شام کراچی میں پریس کلانفرنس میں میڈیا کو سب بتایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فریال تالپور بھی خاتون تھیں۔ان کے ساتھ کیا کچھ نہیں کیا گیا۔اس وقت تو عمران خان کہتے تھے کہ میں ان کو جیلوں میں ڈالوں گا۔ اب وہ خود جیلوں سے ڈر رہے ہیں ۔پولیس کو دیکھ کر بھاگ رہے ہیں۔ہماری سرحدوں کی حفاظت پاک فوج کررہی ہے۔پاک فوج ہم سب کی ہے ۔اس کی عزت ہم سب کو کرنا چاہئے۔