
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خواتین سفارتکاروں کے عالمی دن کے موقع پر سفارتی محاذوں پر ملک کے لئے کردار ادا کرنے والی پاکستانی سفارتکار خواتین کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ سفارتکاری میں خواتین کے کردار کے حوالے سے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں پاکستانی خواتین سفارتکاروں کی ان کوششوں کا اعتراف کرتا ہوں اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جو انہوں نے قومی جذبے ، عزم و ہمت اور وقار کے ساتھ قومی پرچم کو سربلند رکھنے کے لئے سر انجام دی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لئے سفارتکاری میں ان کی خدمات اور ان کی بہت سی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ نے بھی سفارتکاری میں خواتین کے کردار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں پاکستانی خواتین سفارتکاروں کی قابل قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی سفارتکار خواتین کا اپنے کیریئر کے آغاز ، وسط اور قائدانہ سطح پر بڑھتا ہوا کردار واقعی قابل فخر اور باعث اعزاز ہے ۔