اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دریا ستلج کے حفاظتی بند میں شگاف کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثر علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے کے لیے حکومت جنگی بنیادوں پر مربوط اقدام کو یقینی بنائے۔
انہوں نے زور دیا کہ بھاولپور اور احمد پور شرقیہ جیسی بڑی آبادیوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے اقدامات کیئے جائیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدیداران و کارکنان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ جیالے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس حوالے سے انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دریائے ستلج کے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے اوردریائے ستلج کے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کرائے۔