بلاول بھٹو زرداری کا کردار جمہوریت کیلئے بہت اہم ہے، گورنر پنجاب سلیم حیدر خان

142

ملتان۔ 30 نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈومرہ ہاؤس ملتان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، ممبران صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی،رانا اقبال سراج، ملک واصف راں سمیت دیگر پارٹی ممبران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹونے رکھی،شہید ذوالفقار علی بھٹو کبھی کسی آمر کے سامنے نہیں جھکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریت کی خاطر سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے گولی کھائی،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شہیدوں کی نسل سے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کا کردار جمہوریت کیلئے بہت اہم ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کسی ورکر کو کانٹا بھی چبے گا تو میں اس ورکر کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےسردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کے حق میں نہیں،پی ٹی آئی کو اپنے رویے پر غور کرنا چاہیے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنا نقصان کیا لیکن ملک کو نقصان سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعت عسکری ونگ بن جائے تو پابندی پر غور کیا جا سکتا ہے، تحریک انصاف کو انتشار اور تشدد کی حرکتوں سے باز آنا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب سے کوئی اختلاف نہیں لیکن مثبت تنقید کی جاسکتی ہے۔