کراچی۔ 02 مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دی ہے۔جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے اے پی این ایس کی نومنتخب صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی،سیکریٹری جنرل سرمد علی، سینیئر نائب صدر امتنان شاہد،نائب صدر محمد اسلم قاضی،جوائنٹ سیکریٹری سید محمد منیر جیلانی اور فنانس سیکریٹری شہاب زبیری کو بھی مبارک باد دی ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اے پی این ایس کی ایگزیکیوٹو کمیٹی کے نومنتخب ارکان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا
۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی آپ کے ساتھیوں کا آپ پر اعتماد و یقین کا مظہر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، اِن حالات میں میڈیا اور آپ کی قیادت کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے،میڈیا رائے عامہ کی تشکیل اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے،امید ہے، آپ کی زیرِ قیادت اے پی این ایس پریس کی ترقی میں ماضی سے زیادہ حصہ ڈالے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اے پی این ایس کے درمیان باہمی و تعمیری تعاون جاری رہے گا۔