بلاول بھٹو زرداری کی ملک کے ایٹمی تجربات کی سلور جوبلی پر قوم کو مبارکباد

87
بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد ۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے ایٹمی تجربات کی سلور جوبلی پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور سائنسدانوں سمیت تمام لوگوں کو سلام پیش کیا ہے جنہوں نے ایٹمی تجربات کرنے میں اپنا کردار ادا کیا جس کے نتیجہ میں پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کا ایٹمی پروگرام درحقیقت قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قوم کے لیے عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید بھٹو نے کہا تھا کہ گھاس کھانا ہے تو کھائیں گے لیکن پاکستان کو ہر قیمت پر ایٹمی قوت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم ملک کے ایٹمی پروگرام کو محفوظ بنایا اور آگے بڑھایا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 1998 میں جب بھارت نے ایٹمی تجربات کیے تو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو قائد حزب اختلاف کے طور پر ڈٹی رہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی فوری طور پر ایٹمی تجربات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید بی بی نے اپوزیشن میں ہونے کے اس معاملے پر میاں نواز شریف حکومت کی مکمل حمایت کی۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ان کی پارٹی ملک کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے اپنے شہید قائدین، بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرپرسن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر سختی سے عمل پیرا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کم سے کم قابل اعتماد جوہری ڈیٹرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام خطے میں امن و استحکام کے لیے ہے۔