بلاول بھٹو زرداری کی پشتونوں سمیت پوری قوم کو پشتون کلچر ڈے کی مبارکباد

143
Bilawal Bhutto Zardari
Bilawal Bhutto Zardari

کراچی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشتون عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو پشتون کلچر ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی وحدت کو مضبوط بنانے میں ثقافتی روایات کو تحفظ اور فروغ دینا بڑی اہمیت کا حامل ہے،آج کا ثقافتی دن ہمیں پشتون قوم کی گہری تاریخی جڑوں، بہادری اور ثابت قدمی کی یاد دلاتا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پشتون ثقافتی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں پشتون روایات کو عزت اور وقار کے ساتھ بھرپور انداز میں منانا چاہیے،پشتون روایات میں مہمان نوازی، وفاداری، اور انصاف کے اصول ہم سب کے لیے باعثِ تحریک ہیں،ہمیں ان اصولوں کو برقرار رکھنا چاہیے اور ملک میں تمام نسلی گروہوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے میں نوجوانوں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے،نوجوان نسل کو اپنی ثقافتی شناخت پر فخر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اپنے آبا و اجداد کی میراث کو آگے بڑھائیں تاکہ شاندار روایات اور بھرپور ورثہ زندہ رہے، پاکستان کی تمام ثقافتوں کے تحفظ کے لیے یقینی اقدامات کریں گے،

ہمیں ایک ترقی پسند، جمہوریت پسند اور پُرامن قوم کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ ہمیں مل کر پاکستان کی ثقافتی تنوع کو نسل در نسل فخر اور قوت کا ذریعہ بنانا ہوگا۔