بلاول بھٹو زرداری کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ا ڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد کی مذمت

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے صحافیوں پر تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہ صحافی اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے لئے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھے۔ جب عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ بی بی صحافیوں سے گفتگو کے لئے آئیں تو ان کے ساتھ آئے ہوئے …

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے صحافیوں پر تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہ صحافی اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے لئے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھے۔ جب عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ بی بی صحافیوں سے گفتگو کے لئے آئیں تو ان کے ساتھ آئے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے صحافیوں پر حملہ کر دیا اور سینئر صحافی طیب بلوچ اور اعجاز احمد کو زدوکوب کیا۔ یہ حملہ آزادی صحافت پر حملہ کرنے کے مترادف ہے جس کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پیر کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہے اور تشدد کی ایسی کارروائیاں پاکستان میں جمہوریت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں، صحافیوں پر تشدد کا رحجان انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ صحافت اور جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزادی اظہار اور آزادی صحافت ایک جمہوری معاشرے کا لازمی جزو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور آزادی اظہار کے لئے آواز اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی نے صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔