کراچی۔6مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی ہندو کمیونٹیز سمیت دنیا بھر میں ہولی منانے والوں کو رنگوں کے تہوار کی مبارک باد پیش کی ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہولی کا تہوار معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ اور تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنے کی علامت ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری کی ملک کی ترقی اور قوم سازی ہمیشہ قابلِ فخر کردار رہا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1973 کا آئین جو ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قوم کو ایک تحفہ ہے، اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو یکساں حقوق دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے امتیاز کا خاتمہ، رواداری کو فروغ اور مساوات پر کھڑے معاشرے کا قیام پاکستان پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور قوم کے بانی اجداد کے نظریے کی واحد علمبردار، پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے متعلق اپنے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔