بلاول بھٹو نے ایوان میں مدلل انداز میں تقریر کی، پوری دنیامین پاکستان کامقدمہ لڑا ، راجہ پرویزاشرف

4

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):سابق وزیراعظم اورپی پی پی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہاہے کہ بلاول بھٹو نے بہترین اندازمیں پاکستان کامقدمہ لڑاہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمرایوب خان کے نکات کاجواب دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بلاول بھٹوزرداری نے آج ایوان میں مدلل انداز میں ایک محب وطن قائد کی طرح تقریر کی ہے۔

پوری دنیامین پاکستان کامقدمہ لڑا، 25کروڑعوام کہہ رہے ہیں کہ بلاول نے بہترین اندازمیں پاکستان کامقدمہ لڑاہے۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اس ایوان میں کہاتھا کہ میں کیاکروں ہندوستان پرحملہ کردوں،اس کے برعکس موجودہ حکومت نے وہ دندان شکن جواب دیا ہے جوہندوستان کوساری زندگی یادرہے گا۔

انہوں نے کہاکہ جب بلاول بھٹو زرداری ایوان میں بھارت کے خلاف تقریر کر رہا تھا اس وقت ایوان میں اپوزیشن کے لوگ اس میں مداخلت کرتے رہے ، ان کے لیڈرنے موچی دورازہ میں کہاتھا کہ وہ پارلیمان پرلعنت بھیجتے ہیں، یہ کمپرومائزڈ لوگ ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب ان کے دورحکومت میں سکیورٹی کونسل کی میٹنگ بلائی گئی تھی اورآرمی چیف نے بریفنگ دی تو اس وقت بھی عمران خان نے بیٹھنے سے انکار کر دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے اراکین نے آج ایوان میں سکیورٹی اہلکاروں کو گالیاں دی ہیں، یہ نفسیاتی مریضوں کاٹولہ ہے، ان لوگوں کوپارلیمان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے، یہ سارے لوٹے اور بھگوڑے ہیں، ان کواینٹ کاجواب پتھرسے ملے گا۔