بلاول بھٹو نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا

89

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب بدھ کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سابق صدر آصف علی زرداری، وفاقی کابینہ کے اراکین، اراکین پارلیمینٹ سول و فوجی حکام، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سمیت حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

کابینہ میں بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی وزیر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے میں19 اپریل کو30 وفاقی وزرا اور تین وزرا مملکت نے حلف اٹھایا تھا، دوسرے مرحلے میں 22 اپریل کو وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی تھی اور کابینہ میں تین وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت کو شامل کیا گیا تھا۔ کابینہ میں پہلے ہی تین مشیروں کو بھی شامل کیا جا چکا ہے۔