لاہور۔4جون (اے پی پی):تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد معراج نے کہاکہ بلاول زرداری وفاقی حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے سندھ کی عوام کی حالت زار پر توجہ دیں، بلاول زرداری سندھ کی عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، حکومت سندھ نے صوبے بھر میں لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے، پیپلزپارٹی والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، بلوچستان کا سندھ حکومت مسلسل پانی چوری کررہی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پانی کے مسئلے پر پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کررہی ہے جوکہ قابل مذمت ہے، پیپلزپارٹی ڈکٹیشن دینے کی بجائے صوبے میں پانی چوری کو روکیں، پی ٹی آئی کی حکومت کسی صوبے کے ساتھ زیادتی کا سوچ بھی نہیں سکتی، سندھ کو تباہ وبرباد کرنے والے قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے،ملکی ترقی کی شرح نمو میں اضافے نے اپوزیشن کی رات کی نیندیں اجاڑ دی ہیں۔