اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول صاحب ! بزدل عمران خان نہیں آپ ہیں، آپ کے والد نے قومی دولت کو بے رحمی سے لوٹا مگر آپ میں انہیں کچھ کہنے کی ہمت نہیں، برس ہابرس سے سندھ اور کراچی کے وسائل کو جونکوں کی طرح چوسنے اور لانچوں میں بھرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، ایک دہائی سے زائد برسراقتدار رہ کر بھی آج آپ وفاق کو طعنے دے رہے ہیں۔
ہفتہ کو کا بلاول بھٹو کے خطاب پر ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سیکورٹی رسک کی باتیں کرنے والا بلاول یاد کرے جب آپ کے انکل نواز شریف نے آپ کی والدہ اور والد کو اور آپ کی والدہ نے نواز شریف کو سیکورٹی رسک قرار دیا تھا، نواز شریف آپ کے ابو کے خلاف کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ گئے تھے، عوام کو بتائیں کہ وہ الزامات کیا تھے؟ ماضی میں آپ کے ایک سابقہ سفیر ابھی تک امریکہ چھپے ہوئے ہیں، وہ پاکستان واپس کیوں نہیں آتے؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس موثر انداز سے کشمیریوں کا مقدمہ دنیا بھر میں لڑا، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھاتے اور اجاگر کرتے رہیں گے۔