اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے ٹویٹ پر پارٹی مو¿قف دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول پاکستان کی نہایت منفی تصویر کشی میں مصروف ہیں،ہمارے بہادر سپاہیوں نے عالمی امن کیلئے جوکچھ کیا بلاول اس پر پانی پھیرنا چاہتے ہیں،پاکستان پوری دنیا کیلئے امن کا پیغامبر بن کر ابھرا ہے۔ منگل کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سینٹر فیصل جاوید نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم نے 70 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا،یہ جنگ ہماری نہیں تھی پھر بھی عالمی امن کی خاطر پاکستان نے 123 ارب ڈالرز کی مالی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف حلقوں کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بلاول کو شرم آنی چاہئیے، بلاول قوم کو بتائیں وہ کس کی زبان بول رہے ہیں۔ سینٹر فیصل جاوید نے کہاکہ یہ نیا پاکستان ہے جس میں گھٹیا تماشوں سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا، ہم امن پسند قوم ہیں اور امن ہی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی 70 فیصد آبادی خط غربت کے نیچے سسک رہی ہے،آپ اور آپ کے والد نے اپنے 30 سالہ اقتدار میں غربت کی طکی میں پستے ان لوگوں کے لئے کیا کیا۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور غریب عوام کو غربت ایسی مصیبت سے نکالنے عمران خان کا عزم ہے، آپ کو پورا زور چوری کا مال اور بیرونِ ملک جائیدادیں بچانے پر لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول یاد رکھیں پیپلز پارٹی اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے، بلاول اس مصنف کو بھی کٹہرے میں کھڑا کریں جس نے ان کے بیرون ملک خفیہ اکاو¿نٹس کا سراغ لگایا، انہوں نے کہا کہ بلاول کی جماعت نے پاکستان میں ڈاکہ ڈالا اور لوٹ مار کا مال باہر منتقل کیا۔