بلاول کا تھر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس

116

کراچی۔ 29 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع تھرپارکر میں نگر پارکر کے قریب آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے قدرتی آفت کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی خبر پر انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کو بارش کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، جبکہ متعلقہ حکام اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومتِ سندھ کو اس طرح کے واقعات کے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کرنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار ہونے والے غریب شہریوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔

انہوں نے سول سوسائٹی پر بھی زور دیا کہ وہ عوام میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات کے متعلق آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب گزشتہ ایک دہائی سے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے اور اس اہم مسئلے سے نمٹنے کے لئے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔